خیبر پی کے اسمبلی تحلیل گورنر نے وزیر اعلی کی سمری پر دستخط کر دئیے

Jan 19, 2023


پشاور (نوائے وقت رپورٹ) گورنر خیبر پی کے حاجی غلام علی نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دیئے جس کے بعد پختونخوا اسمبلی اور کابینہ تحلیل ہو گئے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ محمود خان نے منگل کی شب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری دستخط کرکے گورنر کو ارسال کی تھی جو رات 10 بجے گورنر ہائوس کو موصول ہوئی اور جس پر مشاورت کے بعد گورنر حاجی غلام علی نے آئین کے آرٹیکل (1) 112 کے تحت بدھ کی صبح اس پر دستخط کر دیئے جس کے ساتھ ہی صوبائی اسمبلی تحلیل ہو گئی۔ گورنر کے احکامات کے مطابق صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہو گئی جبکہ گورنر نے نگران وزیراعلی کے تقرر تک وزیراعلیٰ محمود خان کو کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب گورنر نے وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کو آپس میں مشاورت کے ذریعے نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کے حوالے سے مشاورت اور اتفاق رائے کیلئے بھی کہا ہے اور واضح  کیا ہے کہ اس سلسلے میں گورنر اور ان کا دفتر ہمہ وقت سہولت کیلئے موجود ہے۔
خیبر پی کے/ تحلیل

مزیدخبریں