مراد چاہ کا نعیم الرحمن  کو فون تحفظات  دور کرنے کی یقین دہانی

Jan 19, 2023


کراچی؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کو  ان کے جائز خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حافظ نعیم الرحمان کو ٹیلی فون کر کے حالیہ بلدیاتی الیکشن اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر گفتگو کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے حافظ نعیم الرحمان کو جماعت اسلامی کے جائز خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ جماعت اسلامی الیکشن سے متعلق مسائل پر الیکشن کمشن سے رابطہ کرے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا جماعت اسلامی کے سندھ حکومت سے متعلق مسائل کے حل میں غیرجانبدار کردار ادا کریں گے۔ دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے فون کرکے تحفظات کا پوچھا، جس پر انہیں بتایا کہ ہمارے پاس رزلٹ موجود ہیں، جو رزلٹ موجود ہیں انہیں جاری ہونا چاہیے، تین سیٹوں کے آر او کے رزلٹ الیکشن کمیشن اپ ڈیٹ نہیں کر رہا۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا وزیراعلیٰ سندھ سے کہا ہے کہ نتائج کے مسئلے کو حل کریں، بات چیت ہوتی ہے لیکن مسائل بھی حل ہونے چاہئیں،  وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا میں اپنی پارٹی والوں سے کہتا ہوں مسئلے کو حل کریں۔ این این آئی کے مطابق ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کو ایسے فرد کی ضرورت ہے جو سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلے۔ موجودہ صورتحال اور جماعت اسلامی کے رہنمائوں کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ دھرنے ہنگامے کی سیاست سے کراچی کی خدمت نہیں ہو گی، جماعت اسلامی قیادت کو مشورہ ہے کہ وہ مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھے۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ آئیں مل کر کراچی کی تعمیر کے بینظیر ویژن کا حصہ بنیں۔ اسلام آباد سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق الیکشن کمشن آف پاکستان نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں چھ یونین کونسلوں میں  بے قاعدگیوں کا نوٹس لے لیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق چھ یوسیز کے نتائج میں بے قاعدگیوں سے متعلق جماعت اسلامی کے درخواس پر نوٹس لیتے ہوئے ان تمام  کیسز کو سماعت کیلئے 23 جنوری کو مقرر کر دیا ہے۔ ان یوسیز میں ضلع غربی میں اورنگی کی یو سی 7-3 اور 8 مومن آباد کی یو سی 3 اور منگھو پیر کی یو سی 12 جبکہ ضلع شرقی میں گلشن کی یو سی ایک شامل ہیں۔ جیتنے اور دوسرے نمبر پر آنے والوں،  آر اوز سمیت الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر سندھ، متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو نوٹس جاری کر دیئے۔علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی  کراچی حافظ نعیم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات کیلئے کئی سال سے جدوجہد کر رہی تھی۔ اب بھی چھ یونین کمیٹیاں باقی ہیں جس کا نتیجہ نہیں دیا گیا۔ منگل کے روز بھی پیپلز پارٹی نے ایک یو سی زبردستی لی۔ اس طرح سے پیپلز پارٹی اکثریت حاصل کرنا چاہتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا تھا کہ آپ کے لوگ سارے کام کر رہے ہیں۔ دوبارہ گنتی کے عمل میں  بھی ڈبے بھرے جا رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری اس دھاندلی کا نوٹس کیوں نہیں لے رہے؟۔ الیکشن کمشن کا بھی کام ہے کہ نوٹس لے اور کارروائی کرے۔ آج سے عوامی رابطہ مہم شروع کر رہے ہیں۔ عوام سے مسائل کا پوچھیں گے۔ حلف اٹھانے سے پہلے ہی مسائل کے حل کیلئے کوشش شروع کریں گے۔ آصف زرداری اور بلاول سے کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے لوگوں کو اس کام سے روکیں۔ ہم اپنی سیٹوں اور عوام کے دیئے مینڈیٹ کا تحفظ کریں گے۔


مراد شاہ

مزیدخبریں