ایران سے دہشتگردوں کا حملہ 4جوان  شہید

Jan 19, 2023


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایرانی سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاک-ایران سرحد کے قریبی علاقے چکاب سیکٹر میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ سرحد پر گشت کرنے والے فوجی دستے پر حملہ کرنے کے لیے دہشت گردوں نے ایرانی سرزمین استعمال کی، تاہم ایران کو اپنی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا کہا گیا ہے۔ مزید براں (کیچ) ہوشاب کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کے ایک آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہوشاب کے علاقے تلسر میں  ایم 8 پر دیسی ساختہ بم نصب کرنے کے علاوہ سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر فائرنگ کے واقعات  میں ملوث دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنانے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا گیا۔ علاقے کی مسلسل انٹیلی جنس، سرویلنس اور جاسوسی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے مقام کی نشاندہی کی گئی اور سکیورٹی فورسز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے داخل کیا گیا۔ اس دوران دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز کی طرف سے دہشت گردوں کے فرار ہونے والے راستوں کی ناکہ بندی کردی گئی۔کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی اور  شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران چاروں دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دیسی ساختہ بموں سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔ دریں اثناء کراچی میں چار دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے ہیں۔اپنے سٹاف رپورٹر اور نمائندہ خصوصی کے مطابق صدر عارف علوی اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ صدر علوی نے دہشت گردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی حملے کی بھرپور مذمت کی ہے جبکہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دہشت گردی کو مٹا کر دم لیں گے۔اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم فرض کی ادائیگی میں شہید سیکورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ایران اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اس کی سرزمین سرحد پار حملوں کے لیے استعمال نہ ہو۔ سابق صدر آصف علی زرداری  نے  پنجگور کے مقام پر سکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت کی ہے۔ آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس  کیا۔ آصف زرداری  نے شہید جوانوں کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار  کیا۔ آصف زرداری نے کہا کہ قوم کو ان شہید جوانوں پر فخر ہے جو اپنی دھرتی کے حفاظت کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ مزید برآں چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے بلوچستان کے ضلع پنجگور کے چکاب سیکٹر میں سرحد پار سے پاکستانی سکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کی جانب سے کی گئی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ایران سے فائرنگ

مزیدخبریں