کراچی( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمن کو سنجیدہ سیاستدان سمجھتا ہوں تاہم ان کا یہ کہنا کہ پیپلز پارٹی سو سال میں بھی کراچی سے نہیں جیت سکتی یہ باتیں غیر جمہوری اور جماعت اسلامی کا آمرانہ انداز ہیں،اگر کراچی کو بہتر کرنا ہے تو جماعت اسلامی عمران خان کی طرح فساد والی باتیں نہ کرے جمہوریت میں دھمکیاں نہیں دی جاتیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کلفٹن آرکائیوز کمپلیکس میں پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی جماعت اسلامی سے بات چیت کرنے کے لئے تیارہے تاہم بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نمبر ون اور جماعت اسلامی دوسرے نمبر ہے اس لئے اکثریت کے مینڈیٹ کو بھی تسلیم کیا جانا چاہئے۔ ہم ان کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں تاہم کراچی میں پیپلز پارٹی کی اکثریتی مینڈیٹ کو بھی تسلیم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے حیدرآباد میں سوئپ کیا ہے اور کراچی میں دوسری جماعتوں سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں جب کہ یہ اور بات ہے کہ جہاں جماعت اسلامی کا ہیڈکوارٹر منصورہ ہے وہ وہاں سے نہیں جیت سکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جماعت اسلامی کی کراچی میں اتنی نشستیں حاصل کرنے پر برا نہیں مانا ہے اور جماعت اسلامی کے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پر دھاندلی کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ اگر سندھ حکومت نے دھاندلی کرانی ہوتی تو پھر اس طرح سے جماعت اسلامی کی اتنی نشستیں نہ آتیں۔