ٹی وی، ریڈیو چینلز انتخابات کے دوران الیکشن کمشن ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنائیں: پیمرا

Jan 19, 2024

اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے تمام ٹی وی اور ریڈیو چینلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ عام انتخابات 2024 سے متعلق امور کی کوریج کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری  ضابطہ اخلاق اور پیمرا قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔  ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔پیمرا کی طرف سے   تما م لائسنس یافتہ سیٹلائٹ ٹی وی چینلز ، ایف ایم ریڈیو سٹیشنزکو جاری مراسلے کے مطابق  تمام ٹی وی چینلز اور ریڈیو سٹیشنز قومی ذرائع ابلاغ کے لئے  الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی)کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق  کے پابند ہیں۔ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخابی مہم کے دوران پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا پر نشر ہونے والا مواد، نظریہ پاکستان  ،  خودمختاری، وقار یا سلامتی، امن عامہ یا پاکستان کی عدلیہ کی سالمیت اور آزادی اور دیگر قومی اداروں کے خلاف کسی بھی رائے کی عکاسی نہیں کرے گا۔ ایسے الزامات اور بیانات جو قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں یا انتخابی شیڈول کے اجرا  سے لے کر امیدوار کے نوٹیفکیشن تک امن و امان کی صورتحال پیدا کر سکتے ہیں، ان کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اور کسی بھی میڈیا پرسن، اخبار اور چینل کو آپریٹ کرنے والے سرکاری اکائونٹ  ڈیجیٹل میڈیا اور دیگر سوشل میڈیا پر اثر انداز ہونے والے اکائونٹ سے شائع یا نشر کرنے سے سختی سے گریز کیا جائے گا۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر موجود مواد، کسی بھی میڈیا پرسن، اخبار، ڈیجیٹل میڈیا پر آفیشل اکائونٹس چلانے والے چینل اور سوشل میڈیا پر اثر انداز ہونے والے کسی بھی پہلو کو شامل نہیں کیا جائے گا جسے جنس، مذہب، فرقہ، ذات، برا دری وغیرہ کی بنیاد پر امیدواروں یا سیاسی جماعتوں پر ذاتی حملے کے طور پر سمجھا جا سکتا ہے، خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔  اگر کوئی امیدوار کسی دوسرے امیدوار پر الزام لگاتا ہے تو میڈیا کو چاہیے کہ وہ دونوں فریقوں کو منصفانہ مواقع فراہم کرتے ہوئے دونوں فریقوں سے رائے  اور تصدیق طلب کرے۔   پیمرا  ،پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ(پی آئی ڈی)، سائبر ونگ اور وزارت اطلاعات و نشریات کا ڈیجیٹل میڈیا ونگ سیاسی جماعتوں کو دی جانے والی کوریج کی مانیٹرنگ  کرے گا ۔  پیمرا، پی ٹی اے، پی آئی ڈی، سائبر ونگ اور ڈیجیٹل میڈیا ونگ، وزارت اطلاعات و نشریات ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے میڈیا ہائوسز کو اپنی آزادی اظہار کو اپنا بنیادی حق سمجھ کر برقرار رکھنے کے لئے میڈیا نمائندوں کو مناسب تحفظ فراہم کریں گے ۔

مزیدخبریں