لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر اعلی پنجاب و نائب صدر ن لیگ حمزہ شہباز شریف نے انتخابی تیاریوں کے سلسلے میں ماڈل ٹاؤن لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کا الیکشن پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ اس روز ترقی و خوشحالی اور اندھیروں اور مایوسی کا مقابلہ ہے۔ مسلم لیگ (ن) متحد ہو کر الیکشن میں جا رہی ہے۔ ہمارا نصب العین عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانا اور ملک کو دوبارہ سے ترقی کی ڈگر پر ڈالنا ہے۔ نواز شریف جب جب اقتدار میں آئے انہوں نے ملک و قوم کی فلاح کے عوامی اقدامات کئے۔ مہنگائی میں کمی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ، پاکستان میں واحد مسلم لیگ (ن) ہے جس نے جو کہا وہ کر کے دکھایا۔ سابق وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اس وقت ملک جس بھنور میں پھنسا ہوا ہے اس میں سے نواز شریف ہی نکال سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چار سال تک عمران نیازی نے ملک کی قسمت کو بٹہ لگایا، عوام کو جھانسہ دے کر اقتدار کے مزے لوٹنے والوں نے کرپشن کا بازار گرم کیا۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کے کارکنان گھر گھر مسلم لیگ (ن) کا پیغام لے کر جائیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ کارکن ہمارا اثاثہ اور دست و بازو ہیں۔ اس الیکشن میں ان کی انتھک محنت کی بدولت مسلم لیگ (ن) جیت کر حکومت بنائے گی۔