اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کی تزویراتی اہمیت پر زور دیا جو مشترکہ ثقافتی ورثے اور مشترکہ مفادات سے جڑے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی رابطوں سمیت دو طرفہ تعللقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے لیے انتہائی احترام کے جذبات رکھتے ہیں۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور سعودی وزیرخارجہ نے ملاقات میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات علاقائی استحکام کا ذریعہ ہیں۔ دوسری طرف پاکستان اور دبئی کی حکومت نے مواصلات، ریلوے اور بحری امور کے شعبوں میں تعاون کے لئے بین الحکومتی فریم ورک معاہدوں پر دستخط کر دیئے ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے متحدہ عرب امارات میں قائم ملٹی نیشنل لاجسٹک کمپنی ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان میں اپنی کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے میں ڈی پی ورلڈ کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور کمپنی کو حکومت کی طرف سے بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ ملاقات کے بعد وزیر اعظم نے مواصلات، ریلویز اور بحری امور کی وزارتوں اور دبئی کی حکومت کے درمیان تعاون کے لئے بین الحکومتی فریم ورک معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب میں شرکت کی جس میں دبئی حکومت کی طرف سے ڈی پی ورلڈ نے نمائندگی کی۔ معاہدوں کے تحت پاکستان میں مربوط فریٹ کوریڈور ، ملٹی ماڈل لاجسٹک پارک اور ریلوے نیٹ ورک پر مال برداری کے ٹرمینلز کے قیام کے ساتھ ساتھ ساحلی اقتصادی زون کے قیام اور پورٹ قاسم میں نیوی گیشن چینل کی ڈریجنگ کے امور میں تعاون کیا جائے گا۔
سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات، تعلقات مضبوط بنانے کے خواہاں: وزیراعظم
Jan 19, 2024