مجھے نہ نکالا جاتا تو آج ملک خوشحال ہوتا، مہنگائی نام کی کوئی چیز نہ ہوتی: نوازشریف

Jan 19, 2024

حافظ آباد (نمائندہ خصوصی/ نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف نے  حنیف محمد میونسپل سٹیڈیم میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ججوں نے پچیس کروڑ عوام کے نمائندہ کو اس لئے وزارت عظمیٰ سے نکال دیا کہ اس نے بیٹے سے تنخواہ کیوں لی۔ اگر نواز شریف کو نہ نکالا جاتا تو آج آپ کے پاس روزگار ہوتا۔ آپ بے روزگار نہ ہوتے۔ ہر گھر خوشحال ہوتا اور ہر گھر میں چراغ جل رہے ہوتے۔ کاشتکار آسودہ حال ہوتا۔ بجلی کے اس قدر بل نہ آتے۔ روٹی اور نان آج بھی چار روپے میں مل رہے ہوتے۔ پاکستان میں مہنگائی نام کی کوئی چیز نہ ہوتی۔ اور پاکستان خوشحالی کا گہوارہ ہوتا۔ نواز شریف کو 90کی دہائی میں پہلی بار وزیراعظم بنایا گیا۔ اگر بار بار فارغ نہ کیا جاتا اور الجھایا نہ جاتا تو آج پاکستان ایشین ٹائیگر بن چکا ہوتا۔ نواز شریف نے کہا کہ آپ جانتے ہیں اس ملک سے بائیس بائیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کس نے ختم کی۔ ملک میں ہر روز بم پھٹتے تھے۔ یہاں سے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ ہم نے ختم کی۔ حافظ آباد والو! آپ کے پاس سے جو یہ موٹر وے گزر رہی ہے اس سے آپ کا لاہور کا سفر آدھا ہوگیا ہے۔ اگر آج بھی ہماری حکومت ہوتی اور مجھے بار بار نہ نکالاجاتا تو یہاں سے ایک اور موٹر وے گزر رہی ہوتی۔ لیکن ان شاء اﷲ ہم اب بھی یہاں سے موٹروے گزاریں گے۔ میرا مشن پاکستان کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہے اور ہم اسے کھڑا کریں گے۔ آپ وعدہ کریں کہ آپ ہمارے ساتھ مل کر پاکستان کو اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے۔ نوازشریف نے کہا کہ حافظ آباد آکر ان کی پرانی یادیں تازہ ہوگئی ہیں۔ اس شہر سے انہیں بہت پیار ہے۔ آپ نے جس محبت کا اظہار کیا ہے میں اپنے جذبات پر قابو نہیں پاسکا۔ وہ پیار جو نواز شریف کے لئے آپ کے اندر ہے آج بھی جاگ رہا ہے۔ قبل ازیں نواز شریف نے مریم نواز شریف کے ہمراہ سابق وفاقی وزیر اور حلقہ این اے67میں امیدوار قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ کے بھائی اور سابق ایم این اے افضل حسین تارڑ کے جواں سال بیٹے کی وفات پر ان کے آبائی قصبہ کولو تارڑ پہنچ کر تعزیت کی اور مرحوم کی بخشش اور مغفرت کے لئے دعا بھی کی۔ جلسہ سے مریم نواز شریف اور سائرہ افضل تارڑ نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ جلسہ میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور مریم اورنگزیب نے بھی شرکت کی۔ مزید براں حافظ آباد سٹیڈیم میں ن لیگ کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کی مرکزی رہنما مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ حافظ آباد میںپہلی بار آئی ہیں لیکن یہاں عوام کا جو جوش وجذبہ دیکھا ہے اسے عمر بھر نہیں بھولیں گی۔ میری بہن سائرہ افضل تارڑ بہت محنتی خاتون ہیں۔ خدا کے فضل وکرم سے 8فروری کو شیر دھاڑے گا اور حافظ آباد سے ن لیگ کلین سویپ کرے گی۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ میں نے پچھلے پانچ برس میں آپ سے یہ وعدہ کیا تھا کہ میں نواز شریف کو واپس لائوں گی اور آج نواز شریف آپ کے پاس موجود ہیں۔ ہم 28مئی والے لوگ ہیں 9مئی والے نہیں۔ 28مئی اور 9مئی کو دو مختلف واقعات ہوئے جن کے پیچھے 76سال کی ایک تاریخ ہے۔ 28مئی والے ملک کو سنوارنے والے لوگ ہیں جنہوں نے ایٹمی دھماکے کئے، موٹروے بنائی، لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ جبکہ 9مئی والے پاکستان پر حملے کرنے والے اور ملک کو اجاڑنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا آج زیادہ تر وقت اس سوچ میں گزرتا ہے کہ ملک سے مہنگائی کو کیسے ختم کرنا ہے۔ نوجوانوںکو روزگار کیسے دینا ہے۔ سڑکوں کے جال کیسے بچھانے ہیں۔ اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیسے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص پٹرول بم اور ڈنڈے آپ کے ہاتھ میں دیتا ہے اور گریبانوں پر ہاتھ ڈالنے کو کہتا ہے وہ آپ کا ہمدرد نہیں ہوسکتا۔ آپ کا ہمدرد نواز شریف ہے جس نے آپ کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ دیئے۔ آپ کو نوکریاں اور روشن مستقبل دیا۔ مریم نواز نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر دو سو سے کم یونٹ والوںکو مفت بجلی فراہم کریں گے اور اس کے ساتھ ساتھ گیس اور بجلی کے بلز بھی کم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 9مئی کے واقعات میں جو جیلوں میں بند ہیں انہیں اور ان کے خاندانوں کو کسی نے پوچھا تک نہیں جبکہ ان کے اپنے بچے لندن میں بیٹھے ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ 8فروری کے انتخابات میں سائرہ افضل تارڑ، شیخ گلزار احمد، میاں شاہد بھٹی اور عون انتصار کو کامیاب کروائیں۔

مزیدخبریں