لاہور( نیوزرپورٹر) ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے بانی و جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا ہے کہ مستحقین کی دہلیز پران کی خدمت کرتے رہیں گے۔ضرورتمندوں اورمحتاجوں کے ہاتھ تھام کرانہیں مایوسی اورمحرومی کی بندگلی سے باہر نکالنا ہمارا اخلاقی فرض اورہم پر انسانیت کاقرض ہے۔گورنر پنجاب میاں محمدبلیغ الرحمن نے دوسری بار اپنی نیک خواہشات اورپرخلوص دعاؤں کے ساتھ گورنر ہاؤس سے مجھے اور ہمارے ہسپتال کی میڈیکل ٹیم کوبہاولپورکیلئے روانہ کیا، ہم گورنر پنجاب کی طرف سے بھرپور سرپرستی اورحوصلہ افزائی کرنے پر ان کے سپاس گزار ہیں۔بہاولپور کی تعمیروترقی کے سلسلہ میں میاں محمدبلیغ الرحمن کی گرانقدر خدمات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔وہ غریب آبادمیں میڈیکل کیمپ کے شرکاء سے بات چیت کررہے تھے، گورنر پنجاب کے پی ایس او میاں شاہداقبال نے بھی میڈیکل کیمپ کاوزٹ کیا اورڈاکٹرشوکت بابر ورک کی قیادت میں ان کے ٹیم ممبرز کی انسانیت کیلئے انتھک خدمات کوسراہا،بعدازاں گورنر پنجاب میاں محمدبلیغ الرحمن نے ڈاکٹر شوکت بابرورک کوبہاولپورمیں میڈیکل کیمپ کاانعقاداور ہزاروں مستحق خاندانوں میں گرم بستر اورکپڑے تقسیم کرنے پرسراہا۔ ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے مزید کہا کہ بہاولپورمیں پوش آباد ی ماڈل ٹاؤن سے متصل آبادی" غریب آباد" میں مقیم نادارومفلس عوام کو فری طبی سہولیات اورمفت ادویات کی فراہمی کیلئے میڈیکل کیمپ کاانعقادکیا گیا۔میڈیکل کیمپ میں ہزاروں مقامی شہریوں کا منظم انداز سے طبی معائنہ کرنے کے بعد ان میں گرم ملبوسات بھی تقسیم کئے۔