لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں جمعرات کے روز کھیلے گئے میچوں میں لاہور، کراچی اور راولپنڈی کی ٹیموں نے کامیابی حاصل کی۔ کھیل کی خاص بات سدرہ امین اور صدف شمس کی سنچریاں اور ڈبل سنچری اوپننگ پارٹنرشپ تھی۔شعیب اختر کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں لاہور نے پشاور کو 147 رنز سے ہرایا۔لاہور نے بغیر کسی نقصان کے 233 رنز بنائے۔صدف شمس اور سدرہ امین نے ڈبل سنچری پارٹنرشپ قائم کرتے ہوئے سنچریاں بھی سکور کیں۔سدرہ امین نے 12چوکوں اور 6چھکوں کی مدد سے 113 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔ صدف شمس نے بھی آؤٹ ہوئے بغیر 106 رنز سکور کیے جس میں 15 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔جواب میں پشاور کی ٹیم 4 وکٹوں پر 86 رنز بناسکی۔ راحیمہ سید 28 رنز ناٹ آؤٹ کیساتھ ٹاپ سکورر رہیں۔صدف شمس اور سدرہ امین مشترکہ طور پر پلیئرآف دی میچ قرار پائیں۔ کراچی نے ملتان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔ملتان کی ٹیم 91 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ علینہ مسعود 26 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہیں۔ سیدہ عروب شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں‘ پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائیں۔کراچی نے ہدف تین وکٹوں پرپورا کرلیا۔جویریہ خان نے 47 رنز بنائے۔ملتان کی کپتان ام ہانی انگوٹھے میں فریکچر کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔ راولپنڈی نے کوئٹہ کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔کوئٹہ نے 5 وکٹوں پر136 رنز بنائے۔ طوبیٰ حسن نے 70 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔راولپنڈی نے عالیہ ریاض اور نتالیہ پرویز کی نصف سنچریوں کی مدد سے ہدف دو وکٹوں پر پورا کرلیا۔ عالیہ ریاض نے ناقابل شکست 63 اور نتالیہ پرویز نے 57 رنز بنائے ۔دونوں نے تیسری وکٹ کیلئے 124 رنز کا اضافہ کیا۔عالیہ ریاض نے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔