سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام رائزنگ پنجاب گیمز کاافتتاح

لاہور، (سپورٹس رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر اوروزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام رائزنگ پنجاب گیمز 2024 کا افتتاح کردیا ہے، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے رائزنگ پنجاب گیمز شروع کرنا کا اعلان کیا، جبکہ صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عامر میرنے کھلاڑیوں سے رائزنگ پنجاب گیمز کیلئے حلف لیا، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض، صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر اور سیکرٹری سپورٹس راجہ جہانگیر انور نے ہاکی کھیل کر رائزنگ پنجاب گیمز کا افتتاح کیا، صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر اور مشیرکھیل پنجاب وہاب ریاض کا پنجاب کے تمام ڈویژن کے دستوں سے تعارف کروایا گیا۔صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ونٹر میں اتنے بڑے گیمز کا انعقاد ہوا ہے، پنجاب کے تمام ڈویژنز کے آپس میں مقابلے ہوں گے، کھلاڑیوں کو ریکارڈ انعامات دیئے جائیں گے،اچھے کھلاڑیوں کو ایک سال کیلئے اینگیج کیا جائیگا، پورا سال یہ کھلاڑی ایونٹس کھیلتے رہیں گے۔ گیمز سے نوجوانوں کی توجہ صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب ہو گی،جس سے سپورٹس ترقی کریگی۔ مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے کہا ہے کہ رائزنگ پنجاب گیمز کے پہلے مرحلے میں 6 گیمزکو شروع کیا ہے، جیتنے والے کھلاڑیوں کو ڈیڑھ کروڑ روپے کے انعامات دیئے جائیں گے۔ دوسالوں کیلئے سپورٹس کیلنڈر بنائیں گے، کھلاڑیوں کو پورے سال کے ایونٹس کی ٹائمنگ اور ترتیب کا پتہ ہو، کھلاڑیوں کو ماہانہ 70، 50 اور 30ہزار روپے دیئے جائیں گے۔افتتاحی تقریب میں 315سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلزنے شرکت کی ۔ افتتاحی روز ہاکی اور والی بال کے مقابلے ہوئے، بوائز ہاکی کاپہلا میچ ملتان اور فیصل آباد کے درمیان1-1گول سے برابر رہا،دوسرے میچ میں سرگودھا نے گوجرانوالہ کو 4-0سے شکست دی، تیسرے میچ میں ساہیوال نے لاہور کو 3-2سے ہرادیا۔ والی بال بوائزکے پہلے میچ میں راولپنڈی نے سرگودھا کو 2-0سے ہرادیا جبکہ دوسرے میچ میں ساہیوال نے بہاولپور کو2-0سے شکست دی۔

ای پیپر دی نیشن