امریکہ میں شدید سردی‘ برفباری سے تباہی‘ ہلاکتیں 40 ہو گئی

نیویارک‘ واشنگٹن (آئی این پی + این این آئی) امریکہ میں ایک ہفتے سے سردی نے 9 ریاستوں میں  ڈیرے ڈال رکھے ہیں جس کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 40 تک جا پہنچی۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکہ کی 9 ریاستوں آرکنساس، الینوائے، کنساس، مسیسیپی، نیویارک، اوریگون، پنسلوانیا، ٹینیسی اور وسکونسن میں برفانی طوفان، برفباری اور سخت سردی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں ریاست ٹینیسی میں ہوئیں جہاں 14 افراد ہلاک ہوگئے۔ سڑکوں پر کئی کئی فٹ برف جم گئی اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔ پھسلن کے باعث گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اسی طرح ریاست پنسلوانیا میں بھی مسافر بردار منی وین برف سے ڈھکی سڑک پر کنٹرول کھو بیٹھی اور ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ ریاست اوریگون میں  منجمد کرنے والی برفباری اور یخت بستہ ہوائوں نے 85 ہزار افراد کو گھروں میں قید کردیا جبکہ کاروباری سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئیں۔ بجلی کا نظام ٹھپ ہوگیا اور 50 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔ جبکہ امریکی شہر پورٹ لینڈ میں 4 اور وسکونسن میں 3بے گھر افراد قطبی سردی کی وجہ سے وجہ سے ہلاک ہوگئے۔ ملک کی 23ریاستوں میں شدید برف باری،  برف جمنے اور یخ بستہ  سردی  کے باعث  200ملین سے زیادہ شہریوں  کو "موسم سرما کے حالات"   کے  حوالے سے خبردار کیا گیا ہے۔ نیویارک، بالٹی مور اور واشنگٹن ڈی سی شہروں میں موسم کی پہلی برف باری ہوئی۔ خاص طور پر زیادہ برف باری والے علاقوں میں تعلیمی سرگرمیوں کو معطل کر دیا گیا۔ موسم سرما کی وجہ سے ملک بھر میں 10لاکھ سے زائد طلبا کے سکول بند ہیں۔ ملک کے مشرقی ساحل پر 1300سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اوریگون، ٹیکساس اور لوزیانا ریاستوں میں ایک لاکھ 20ہزار گھروں اور کاروباری مراکز کو  بجلی کی  ترسیل منقطع ہے۔

ای پیپر دی نیشن