لاہور‘ چنیوٹ‘ اوکاڑہ‘قصور (نمائندگان+ ایجنسیاں) لاہور سمیت ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائی رہی جبکہ ٹریفک حادثات میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ دھند کی وجہ سے شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو گئی۔ موٹر وے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔ جبکہ شدید دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لاہور سے ریاض جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز 8گھنٹے 25منٹ تاخیر کا شکار ہوئی۔ لاہور سے جدہ جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز 13گھنٹے 50منٹ تاخیر سے روانہ ہوئی ۔اسی طرح لاہور سے کراچی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز دو گھنٹے تاخیر کا شکار رہی جبکہ لاہور سے دبئی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز 7گھنٹے 40 منٹ تاخیر سے روانہ ہوئی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور سے کوئٹہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز منسوخ کر دی گئی۔ لاہور سے ارمچی جانے والی غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز بھی اڑان نہیں بھر سکے گی جبکہ لاہور سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز خراب موسم کے باعث روانہ نہیں ہوگی۔ چنیوٹ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شدید دھند کے باعث فیصل آباد روڈ پر طیب ملز کے قریب تیز رفتار ڈیمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار 40سالہ نو جوان امان اللہ ساکن لالیاں موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ جھنگ روڈ اڈا پٹھان کوٹ پر ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 45 سالہ صفدر دم توڑ گیا۔ گوجرہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ٹرک اور کوسٹر میں چک نمبر362 ج ب کوریاں کے قریب ٹکر ہو گئی جس کے نتیجہ میں دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورچک نمبر519گ ب کا محمد طاہر اور شہاب خان ساکن چک نمبر168ج ب جھنگ شدید زخمی ہو گئے جبکہ جھنگ کار سوار عدنان یوسف آئل ٹینکر کی ٹکر ہو گئی سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ جسے فوری طور پر رورل ہیلتھ سنٹر منتقل کر دیاگیا جبکہ گاڑیاں بری طرح سے تباہ ہو گئیں۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق اڈا گیمبر کے قریب ٹرک اور بس کے تصادم میں 2 افراد 50 سالہ افضل اور 52 سالہ غلام مصطفی جبکہ اوکاڑہ بائی پاس نزد عثمانیہ ہوٹل کے قریب بس اور مزدا ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں گجرات کا رہائشی 30 سالہ محسن رضا شدید زخمی ہو گیا۔ اوکاڑہ ٹول پلازہ کے قریب 2 بسیں اور ٹرک آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 6 افراد شدید زخمی ہو گئے۔قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور کے علاقے سہاری روڈ پر دھند کے باعث دوگاڑیوں کی ٹکر سے چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 45 سالہ جواد اقبال‘ 16سالہ عثمان، 45 سالہ یٰسین، 40سالہ ریاض شامل ہیں۔