میری ٹائم سکیورٹی مشق سی گارڈ بحریہ کے عملی اقدامات کا مظہر، وائس ایڈمرل اویس احمد

Jan 19, 2024

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی)پاک بحریہ کی پہلی میری ٹائم سیکیورٹی مشق سی گارڈ کی اختتامی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس چیف آف دی نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے، وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے مشق کے کامیاب انعقاد پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی مشقوں کا انعقاد سمندری حدود میں درپیش چیلنجز سے احسن طریقے سے نمٹنے کے لیے جاری پاک بحریہ کے عملی اقدامات کا مظہر ہے۔ مشق کا مقصد میری ٹائم سیکیورٹی سے متعلق واقعات کے خلاف ردعمل کے طریقہ کار کا جائزہ لینا، خامیوں کی نشاندہی کرنا اور ردعمل کے میکانزم کو بہتر بنانے کی تجاویز پیش کرنا تھا۔ مشق سی گارڈ نے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کے مشترکہ پلیٹ فارم کے ذریعے جہاز رانی، ماہی گیری، قانون نافذ کرنے والے اور نجی اداروں اور پاکستان کے مختلف بحری اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کا موقع فراہم کیا۔ مشق سی گارڈ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے حکمت عملی کی مشقوں، بہترین طریقوں کے تبادلے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کیا۔ مختلف وزارتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں پرائیویٹ سیکٹر، ماہی گیر برادری اور وفاقی و صوبائی اداروں کے سینئر حکام نے مشق کے اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ شرکا کو عملی منظرناموں کے جائزے کے ساتھ ساتھ جے ایم آئی سی سی میں منعقدہ مباحثوں سے حاصل کردہ چیلنجز اور سفارشات پیش کی گئیں۔

مزیدخبریں