لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آ ہنگی، مشرق وسطی و اسلامی ممالک حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کی امن پالیسی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان دفاعی اعتبار سے مضبوط ترین ملک ہے، ایرانی حکام کو ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے پاکستان سے معافی مانگنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں جامعہ منظور الاسلامیہ لاہور کینٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران نے پاکستان پر حملہ کیا جس میں معصوم بچوں سمیت دیگر افراد شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران کے پاس کوئی اطلاعات تھیں کہ پاکستان میں کوئی ایسا گروہ موجود ہے جو دہشت گردی کی کا رروائیوں میں ملوث ہے تو ایران کو چاہیے تھا کہ وہ پاکستان کی حکومت کو آگاہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے متعدد مرتبہ ایران کو آگاہ کیا کہ بہت سارے مجرمین ایران میں موجود ہیں جو دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ کلبھوشن یادیو کے بارے میں سب کو پتہ ہے لیکن پاکستان نے کبھی بھی ایسے اقدام نہیں کئے جو ایران نے پاکستان کے خلاف کئے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حملہ اخلاقی اعتبار سے ٹھیک نہیں جبکہ پاکستان کا جواب اخلاقی، دفاعی اور اسلامی لحاظ سے درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کے خطبات میں ایرانی حملے کی بھر پور مذمت کی جائے گی اور سلامتی کے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔
ایرانی حکام کو پاکستان سے معافی مانگنی چاہئے: طاہر اشرفی
Jan 19, 2024