حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی)کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی نائب صدر امان اﷲچٹھہ نے کہا ہے کہ درآمدی کھاد کا جہاز آنے کے باوجود یوریا کھاد بدستور بلیک مارکیٹ میں پانچ ہزار روپے بوری فروخت ہورہی ہے جس کے خلاف کسان سراپا احتجاج اور سخت بے چینی کا شکار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ساری حکومتی مشینری کھاد مافیا کے سامنے بے بس نظر آتی ہے۔جس سے کسانوں کے بدترین استحصال کے علاوہ گندم آٹا کے بحران میں مزید اضافے کا زبردست خطرہ پیدا ہوچکا ہے۔انہوںنے حکومت پر زور دیا کہ کھادکی مصنوعی قلت کو ختم کرکے مقررہ 3750/ میں کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔