پاکستان بار کونسل کی سیشن کورٹس کے احاطے میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)پاکستان بار کونسل نے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے احاطے میں فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ہارون الرشید اورایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین حسن رضا پاشا کی جانب سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ   اسلام آباد بارایسوسی ایشن کا ایک رکن وکیل اپنے موکل سے ملنے(بخشی خانہ)جوڈیشل لاک اپ کی جانب جا رہا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے معمولی سی بات پر پہلے ہاتھا پائی اور بعد ازاں فائرنگ شروع کر دی، پاکستان بار کونسل وکلا کے خلاف پولیس کی غیر قانونی کارروائیوں اور عدالت کے احاطہ میں وکلا پر فائرنگ جیسی کارروائیوں پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی ہے ،انہوں نے اس واقعہ پر گہرے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی اسلام آبادپولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعہ کی تحقیقات کروائیں اور ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے، انہوں نے حکومت پر بھی زور دیا ہے کہ وہ عدالتوں کے اندر اور باہر وکلا کو تحفظ فراہم کرے اور مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

ای پیپر دی نیشن