اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے تعلیم اور خواندگی کو دور دراز اور دشوار گزار علاقوں تک پہنچایا جا سکتا ہے ،تعلیمی شعبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے اخراجات کم ہوں گے ،انفارمیشن ٹیکنالوجی سے معیارِ تعلیم برقرار رکھنے کے ساتھ طلباء کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار کشمیر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 2 کروڑ 80 لاکھ بچے سکول نہیں جا تے ،سکول نہ جا سکنے والے بچوں کی تعلیم کیلئے ہزاروں نئے اسکول درکار ہوں گے ۔ وفد نے صدر مملکت کو آزاد جموں و کشمیر اور دیہی پنجاب میں معیاری تعلیم و خواندگی کے فروغ میں فاؤنڈیشن کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین سید طفیل حسین بخاری اور فاؤنڈیشن کے چیئرمین مظفر محمد قریشی بھی شریک تھے ۔ وفد نے بتایا کہ فاؤنڈیشن پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر میں تین سکول اور اساتذہ کا تربیتی کالج چلا رہی ، مقصد تعلیم کا فروغ ، نوجوانوں کی کردار سازی ہے ۔صدر مملکت نے آزاد جموں و کشمیر اور دیہی پنجاب میں تعلیم کے فروغ میں فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہا۔
ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم کی دور‘ دشوار علاقوں تک رسائی ممکن ہے‘ ڈاکٹر عارف علوی
Jan 19, 2024