سرگودھا کی مرکزی امام بارگاہ دارالعلوم محمدیہ میں گذشتہ روز خود کش حملے کے سوگ میں انجمن تاجران نے آج مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے خود کش بم دھماکے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بم دھماکے کو ننگی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زبانی جمع خرچ کی بجائے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ خودکش حملے میں ہونے والے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جانا چاہیئے۔ آغا حامد علی موسوی کا کہنا ہے کہ حکومت کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے۔