کراچی اسٹاک مارکیٹ میں آج بھی کاروبار کا آغاز گرین نمبرز سے ہوا لیکن مسلسل تین روز کی تیزی اور گزشتہ روز ایک سو پچاس سے زائد پوائنٹس اضافے کے بعد آج سرمایہ کار پرافٹ ٹیکنگ کے لیے تیار دکھائی دیئے۔ کاروبار کے اختتام پر ڈی جی خان، اینگرو فوڈ، ایزگرڈ نائن سمیت فرٹیلائزر اور ریفائنری سیکٹر میں منافع کے حصول کے لیےشئیرز کی فروخت نے انڈیکس کو چودہ ہزار چھ سو پوائنٹس کی سطح سے گرادیا اورکے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس اٹھائیس پوائنٹس کمی کے بعد چودہ ہزار پانچ سو اڑسٹھ پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی کاروباری حجم سولہ کروڑ انچاس لاکھ شئیرز رہا۔ حجم کے اعتبار سے آج بھی جہانگیر صدیقی کمپنی کے حصص میں سب سے زیادہ لین دین ہوا۔بروکرز کا کہنا ہے کہ مسلسل چار سو سے زائد پوائنٹس کی تیزی کے بعد آج پرافٹ ٹیکنگ کے امکانات بہت زیادہ تھے جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں نے آج نئی سرمایہ کاری سے زیادہ شئیرز کی فروخت کو ترجیح دی۔ دوسری جانب لاہور سٹاک مارکیٹ میں بھی آج مندی کا رجحان رہا اور ایل ایس پچیس انڈیکس چودہ پوائنٹ کی کمی کے ساتھ تین ہزار چھ سو ستاسی پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں اٹھانوے کمپنیوں کے بیالیس لاکھ انسٹھ ہزار چھ سو پچیس حصص کا کاروبار ہوا۔ اکیس کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، چوبیس کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ تریپن کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔