لاہور(نیوزرپورٹر)چئیرمین سپریم کونسل آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث عبداللہ پراچہ نے حکومت کی جانب سے بجلی اور گیس چوروں کے خلاف کاروائی کی بھرپور اور غیر مشروط حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے لوڈ شیڈنگ میں کمی اور کاروباری برادری کوترقی کے یکساں مواقع ملیں گے۔آپریشن سے وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے توانائی کے بحران کے خاتمہ کے عزم کا پتہ چلتا ہے جس کے لئے سالانہ ڈھائی سو ارب کی چوری روکنا ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ توانائی چوری کرنے والوں کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں مگر ساتھ ہی انکی مدد کرنے والے سرکاری اہلکاروں و افسران کے خلاف بھی کاروائی کی جائے ورنہ حکومت کی غیر جانبداری متاثر ہو گی۔ غیاث پراچہ نے کہا کہ ملک بھر میں گیس سے چلنے والے جنریٹروں کی مکمل بندش سے گیس کا تیس فیصد بحران حل ہو جائے گا جبکہ قدرتی گیس سے بجلی بنا کر غیر قانونی فروخت کرنے والے کارخانہ داروں کے خلاف کاروائی سے گیس بحران تقریباً ختم ہو جائے گا۔