سیلز ٹیکس وصولی کیلئے نیشنل بنک میں عملہ کی تعداد بڑھائی جائے: لاہور چیمبر

Jul 19, 2013

لاہور (کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے گورنر سٹیٹ بنک پر زور دیا ہے کہ وہ نیشنل بنک کے حکام کو ہدایت کریںکہ وہ سیلز ٹیکس کی بروقت وصولی کو یقینی بنانے کیلئے مزید عملہ تعینات کریں۔گزشتہ روز جاری کئے گئے ایک بیان میں لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ نیشنل بنک کی مذکورہ برانچوں اور عملہ کے ذریعے مقررہ مدت میں سیلز ٹیکس کی وصولی کے مطلوبہ ہدف حاصل نہیں ہو سکتے ۔اس سلسلے میں لاہور چیمبر کو کاروباری افراد کی شکایات موصول ہوئی ہیں کہ نیشنل بنک کی برانچوں اور عملہ کی کمی کے باعث سیلز ٹیکس جمع کرانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ گورنر سٹیٹ بنک ایف بی آر کے چیئرمین کے ساتھ مل کر سیلز ٹیکس دہندگان کو ٹیکس جمع کرانے میں سہولیات فراہم کریں کیونکہ نیشنل بنک کی برانچوں اور عملہ کی کمی کے باعث ٹیکس گذاروں کو مطلوبہ وقت میں سیلز ٹیکس کے گوشوارے جمع کرانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے باعث سیلز ٹیکس کے گوشوارے جمع کرانے کا مطلوبہ ہدف حاصل نہیں ہو پاتا ۔

مزیدخبریں