لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری وممبر پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ بحیثیت قوم بحرانوں کا مقابلہ کرنے کیلئے کٹھن فیصلے کرناہوں گے۔ معیشت کی بحالی کے بغیر خوشحالی کا سفر شروع نہیں ہوسکتا۔ اندھیروں سے نجات کیلئے قوم مسلم لیگ (ن)کی قیادت کا ساتھ دے۔ حکومت کے اخراجات میں خاطرخواہ کمی سے جوپیسہ بچے گا وہ عوام کی فلاح وبہبود پرصرف کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی دور رس معاشی واقتصادی اصلاحات سے پاکستان میں تعمیروترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ اپنے حلقہ انتخاب میںایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے مزید کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے قومی ایجنڈے میں مادر وطن کودرپیش تمام چیلنجز اور بحرانوں پرفوکس کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران ختم کرنے کیلئے انتہائی سنجیدگی کے ساتھ مختلف آپشنز پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔