لاہور+ڈھاکہ (اے ایف پی+نیوز ڈیسک) بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل علی احسن مجاہد کو سزائے موت کے خلاف پارٹی کارکنوں کے مظاہرے جاری ہیں۔ گزشتہ روز ملک گیر ہڑتال کی گئی جس کے سبب نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔ بعض مقامات پر پولیس سے اکادکا جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراﺅ کیا جواب میں سکیورٹی فورسز نے آنسو گیس کے شیل پھینکے، یاد رہے حکومت نے نام نہاد ٹربیونل بنا کر اسلام پسندوں کو سزائیں دینے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کے خلاف آئے روز احتجاج یا ہڑتال ہوئی ہے۔ ادھر اسلامی جمعیت طلبا کے زیر اہتمام لاہور، کراچی، حیدر آباد اور پشاور میں جماعت اسلامی کے رہنماﺅں کو سزا کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔ شرکا نے نعرے لگائے ”مسلمانو جاگ جاﺅ، بنگلہ دیش کو بچاﺅ“ انہوں نے غلام اعظم اور علی احسن اور علی حسن مجاہد کی تصویروں والے بینر پکڑ رکھے تھے۔