بھارت ممبئی حملوں میں ملوث ہونے کے ثبوت دے، سزا کیلئے تیار ہوں : حافظ سعید

Jul 19, 2013

اسلام آباد/لاہور (نوائے وقت رپورٹ/آن لائن) امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی دہشت گردی کا بھانڈا بھارت کے افسر نے پھوڑ دیا، وزیراعظم نواز شریف بھارت کے ساتھ اپنی حکومتی پالیسی واضح کریں۔ نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان بھارت کے ساتھ اپنے خارجی اور سفارتی تعلقات کی پالیسی کو قوم کے سامنے واضح کرے، پاکستان کی حکومت دباو¿ اور بھارتی حکومت جارحیت کی پالیسی پرگامزن ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیرکو حل کرنے کیلئے حکومت اپنے تمام قانونی طریقوں کواستعمال میں لائے۔ دنیا کے سامنے پاکستان اپنے دفاع کیلئے آواز اٹھائے۔ بلوچستان میں بھارتی حکومت مداخلت کر رہی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت بھارت کے ساتھ دوٹوک فیصلہ کرے۔ بھارت پاکستان کا پانی روک کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے جس کا حکومت فوری نوٹس لے اور عالمی سطح پر اپنا کیس لڑے۔ پانی کامسئلہ پاکستان کی بقاءکیلئے ضروری ہے۔ سابق ڈکٹیٹر مشرف نے کشمیرکی تحریک کو نقصان پہنچایا لیکن اب جمہوری حکومت قائم ہے تو حکومت کشمیرکی آزادی کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائے۔ انہوں نے کہا بھارت نے آج تک پاکستان کو دل سے تسلیم نہیں کیا، بھارت ممبئی حملوں میں ملوث ہونے کے ثبوت دے، سزا کیلئے تیار ہوں۔ بھارت جارحانہ رویہ اپنائے ہوئے ہے۔ 

مزیدخبریں