”بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کر رہا ہے، پاکستان کو خاموش نہیں رہنا چاہئے“

لاہور (خصوصی نامہ نگار)مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے امام مسجد سمیت دیگر نہتے کشمیریوں کی شہادت اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ رمضان المبارک میں نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسانا اور مسجد میں گھس کر قرآن پاک کی بے حرمتی کرنا بدترین دہشت گردی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کر رہی ہے، قرآن پاک کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا جا رہا ہے اور پاکستانی حکمران بھارت سے تعلقات بہتر بنانے کیلئے ”بیک چینل ڈپلومیسی“ کی باتیں کر رہے ہیں۔ بھارتی فوج کی بہیمانہ قتل و غارت گری پر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار امیر جماعةالدعوة پروفیسر حافظ سعید، ممتاز عسکری دانشور جنرل (ر) حمید گل، جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، تحریک حرمت رسول کے کنوینر مولانا امیر حمزہ، مسلم کانفرنس کے رہنما مرزا صادق جرال، تحریک آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین حافظ سیف اللہ منصور، سیکرٹری جنرل حافظ خالد ولید نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سعید نے کہاکہ بھارت سرکار اگر سمجھتی ہے کہ وہ اس طرح کے مذموم ہتھکنڈے اختیار کر کے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کچلنے میں کامیاب ہو جائے گی تو یہ اس کی بھول ہے۔ غیور کشمیری و پاکستانی مسلمان بھارتی فوج کی اس دہشت گردی پر کسی صورت خاموش نہیں رہیں گے۔ حکومت پاکستان کو بھارتی فوج کی اس بدترین دہشت گردی پر کسی صورت خاموش نہیں رہنا چاہئے۔ حمید گل نے کہاکہ بھارت اپنے اس مذموم منصوبہ میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ پروفیسر حافظ عبدالرحمن نے کہاکہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارتی فوج کے کشمیریوں پر مظالم نظر کیوں نہیں آتے۔ مولانا امیر حمزہ، مرزا صادق جرال، حافظ سیف منصور اور تحریک آزادی جموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل حافظ خالد ولید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی حکمرانوں کی کمزور پالیسیوںکی وجہ سے بھارت کو شہ ملی ہے اور وہ اس طرح کی مذموم حرکتیں کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اس کی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن