اسلام آباد (آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان الیکٹرانک ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے سابق چیئرمین چوہدری محمد رشید برطرفی کیس کی سماعت وفاق کے وکیل کی جانب سے دلائل مکمل نہ ہونے پر سماعت موسم گرما کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کر دی ۔جسٹس نور الحق پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران جسٹس نور الحق این قریشی نے کہا کہ عدالت کے فیصلوں پر انگلیاں نہیں اٹھانی چاہئے۔ عدالت کا کام حکومتی اداروں کو غیر قانونی کام سے روکنا ہے۔ حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے بالائے طاق رکھتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین کی تقرری کے لئے ایک ہی دن میں آئین بھی تبدیل کیا اور فیصلہ بھی کر لیا۔ جسٹس نور الحق قریشی نے استفسار کیا کہ کیا حکومت کی جانب سے سابق چیئرمین پیمرا محمد رشید کو شوکاز نوٹس اگر آئینی تھے تو سمری کس طرح غیرآئینی ہو سکتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ تمام احکامات کو بائی پاس کر کے چیئرمین پیمرا کی تقرری کی گئی۔ وفاق کے وکیل نے عدالت میں اپنے دلائل جاری رکھتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ مزید شواہد عدالت میں پیش کرنا چاہتا ہوں۔ فاضل جج نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ وفاق کی جانب سے دلائل مکمل نہیں ہو سکے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت موسم گرما کی چھٹی بعد تک ملتوی کر دی۔
عدالت اداروں کو غیر قانونی کام سے روکتی ہے‘ فیصلوں پر انگلیاں نہ اٹھائی جائیں : اسلام آباد ہائیکورٹ
Jul 19, 2014