اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) اہلسنت والجماعت کے سینکڑوں کارکنوں نے 2 رہنمائوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف میتیں ایکسپریس وے پررکھ کر چار گھنٹے طویل دھرنا دیا اور شاہراہ ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی۔ ایکسپریس ہائی وے سمیت دیگر سڑکیں بند ہونے سے پورا اسلام آباد جام ہو کر رہ گیا۔ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا‘ بہت سے لوگ دفاتر سے کئی کئی گھنٹے بعد گھر پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ مظاہرے سے خطاب کے دوران اہلسنت والجماعت کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ مسعودالرحمن عثمانی نے کہا حکومت قاتل گرفتار نہ کرکے ہمارے صبر سے کھیل رہی ہے اور وزیر اعظم نوازشریف کو فلسطینیوں کا بہتا خون نظرآرہاہے لیکن اپنے ملک میں عوام کا بہتا خون نظر نہیں آرہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے قاتلوں کو اسی طرح آزاد گھومتے رہنے دیاتو ہمارے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہو سکتا ہے۔ چار گھنٹے طویل دھرنے کے بعد اسلام آباد ہائی وے پر راجہ سیف اللہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جبکہ امامت مسعودالرحمن عثمانی نے کی جبکہ مقتول کارکن حافظ اسلم کا جنازہ فجر کی نماز کے بعد اداکرکے اس کی میت کشمیر روانہ کر دی گئی۔
اسلام آباد: اہلسنت والجماعت کے 2 مقتول رہنما سپرد خاک، سینکڑوں کارکنوں کا دھرنا
Jul 19, 2014