کراچی (ثناء نیوز) امریکہ میں86سالہ قید بے گناہی کا شکار عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ آن لائن پٹیشن پر دستخط عافیہ کی رہائی کی امید کی ایک نئی کرن ہے۔ انہوں نے اہل پاکستان اور اہل اسلام سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے آن لائن پٹیشن پر دستخطی مہم میں بھر پور حصہ لیں۔ اب تک 40ہزار دستخط ہوچکے ہیں جبکہ 3اگست تک 60ہزار مزید دستخطوں کی ضرورت ہے۔ عوام اپنے دوست احباب اور جاننے والوں کو بھی آن لائن پٹیشن پر دستخط کی ترغیب دیں۔ اسکے لئے www.aafiamovement.com کی ویب سائٹ پر جاکر ’’سائن دی پٹیشن‘‘ کے کالم میں اپنا نام، اپنے والد کا نام، ای میل ایڈریس اور زپ کوڈ لکھ کر ’’سائن نائو ‘‘ پرکلک کریں۔ آپ کو اپنے ایڈریس پر جوابی ای میل موصول ہوگی، اُسے کھول کر ’’ویری فائی ‘‘ کردیں۔ یہ آن لائن پٹیشن وائٹ ہائوس کی ویب سائٹ پر ظاہر کی گئی جس کا لنک عافیہ موومنٹ کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ وہ گزشتہ روز گلشن اقبال میں عافیہ موومنٹ کے زیر اہتمام دعوت افطار سے خطاب کررہی تھی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی وسماجی جماعتوں، طلباء تنظیموں، وکلاء اور انسانی حقوق تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی موجود تھے۔