بھاشا ڈیم کی تعمیر میں تاخیر، جماعت اسلامی نے قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی

Jul 19, 2014

اسلام آباد (ثناء نیوز) عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھارت سے این اوسی لئے بغیر بھاشاڈیم کیلئے امدادی رقم دینے سے انکار کر دیا۔ 4500 میگاواٹ بجلی پیداکرنے والے اس منصوبے کا اعلان مشرف نے 17جنوری 2006 ء کوکیا تھا اور چند ماہ بعد افتتاح بھی کر دیا جبکہ سابق وزیراعظم گیلانی بھی 18 اکتوبر 2011ء کو اس منصوبے کا افتتاح کر چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فنڈزکی عدم دستیابی کے باعث وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی لاگت میں مزید اضافہ ہوتا جائے گا۔ اس وقت ڈیم کی تعمیر پر 12ارب 60کروڑ ڈالرکا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اسحاق ڈار پہلے ہی کہہ چکے ہیںکہ دیامر بھاشا اور داسوڈیم ایک ساتھ شروع کئے جائیںگے۔ ادھر جماعت اسلامی نے بھاشا ڈیم کی تعمیر میں طویل تاخیر کے خدشہ کے پیش نظر قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے منصوبے کو 17 برس کیلئے زیرالتوا رکھنے کا خدشہ ہے۔

مزیدخبریں