لاہور (نامہ نگاران) سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہ کئے جانے پر پاکستان عوامی تحریک نے گزشتہ روز بھی کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالیں اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القر آن کے زیر اہتمام پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد سلطان، ملک شفیق الرحمن اور دیگر نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہی سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ دار ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کا خون رنگ لائے گا۔ صفدر آباد سے نامہ نگار کے مطابق عوامی تحریک کے کارکنوں نے نماز عصر کے بعد جامع مسجد خالقیہ سے احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت حاجی طارق محمود، محمد اکمل چیمہ اور دیگر نے کی۔ شرکاء نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ضلعی امیر عمران علی ایڈووکیٹ اور ملک فاروق احمد کی قیادت میں شیرانوالہ باغ سے شروع ہوکر پرانا ریلوے سٹیشن پر جاکر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے اسرائیلی جارحیت اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیخلاف احتجاجی کتنے اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت اور ایک ماہ گزرنے کے باوجود سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر درج نہ ہونے کیخلاف شدید نعرے بازی اور سینہ کوبی کی۔ مقررین نے کہا کہ ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کی ایف آئی در نہ ہونا قابل مذمت ہے۔