ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی کم شرح اہم معاشی مسئلہ ہے: شیخ ارشد

Jul 19, 2016

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ ارشد نے کہا ہے کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی کم شرح ایک اہم معاشی مسئلہ ہے جسے حل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ موجودہ ٹیکس دہندگان کو سہولیات دے اور ان کے مسائل حل کرے تاکہ مزید لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں آنے کی ترغیب ملے۔ شیخ محمد ارشد نے کہا کہ موجودہ ٹیکس دہندگان کے مسائل حل کیے بغیر نئے ٹیکس دہندگان تلاش کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بینکنگ ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس، کاروباری بینکوں اکائونٹس تک رسائی، ٹیکس عملے کی جانب سے صوابدیدی اختیارات کے غلط استعمال اور پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس جیسے اہم مسائل نے کاروباری برادری کو پریشان کر رکھا ہے جس کی وجہ سے وہ کاروبار ذہنی سکون سے نہیں کر پا رہی جبکہ ان مسائل کو دیکھ کر مزید لوگ ٹیکس نیٹ میں آنے سے گریزاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی و پنجاب حکومت یہ مسائل کریں تو اس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں اور تاجروں کا حکومت پر اعتماد بڑھے گا بلکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اْس سے کہیں زیادہ محاصل حاصل کرسکیں گی جن کی توقع بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس اور پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس سے کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کاروباری برادری غیرموافق حالات میں کاروبار کررہی ہے، ایک طرف تو ٹیکس اہلکاروں کے صوابدیدی اختیارات، بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس اور بینک اکائونٹس تک رسائی جیسے معاملات نے تاجروں کو پریشان کررکھا ہے تو دوسری طرف پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس جیسے اقدامات مشکلات مزید بڑھارہے ہیں۔ شیخ محمد ارشد نے کہا تاجر توقع کررہے تھے کہ وفاقی و صوبائی بجٹ میں یہ مسائل حل کرنے کے لیے واضح اعلان کیا جائے گا لیکن یہ امید پوری نہیں ہو پائی۔

مزیدخبریں