لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) لارڈز ٹیسٹ کی کامیابی خوش آئند ہے اس تاریخی فتح پر ٹیم کے کھلاڑی کوچنگ سٹاف،سلیکشن کمیٹی سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ مجھے پاکستان اور دنیا بھر سے مبارکباد کے اتنے پیغامات موصول ہوئے ہیں کہ بیان سے باہر ہے، کسی نے فون کے ذریعے مبارکباد دی تو کسی نے واٹس آپ کیا ہزاروں کی تعداد میں سی میلز موصول ہوئی ہیں بہت خوشی ہوئی کہ ہماری کرکٹ ٹیم نے پاکستانی قوم اور دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں اور شائقین کرکٹ کو خوشی منانے کا موقعہ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین شہریارخان نے لندن سے وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے انگلینڈ آنے سے پہلے یہ باتیں ہو رہیں تھیں کہ ہم صرف ایشیا اور متحدہ عرب امارات میں اچھی کرکٹ کھیل سکتے ہیں لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی سے قومی کرکٹ ٹیم نے ان ناقدین کو غلط ثابت کیاہے ہم نے پہلے پریکٹس میچز میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور اب لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کر کے سیریز کا آغاز بھی فاتحانہ انداز میں کیا ہے لیکن یہ شروعات ہے ہمیں صرف ایک ٹیسٹ میچ نہیں بلکہ سیریز جیتنی ہے اور ہماری ٹیم اس ہدف کو حاصل کرنیکی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ ٹیم کے حوالے سے معاملات بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ٹیم سلیکشن بہتر ہو رہی ہے تین لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر کھلانے کے فیصلے پر تنقید ہوئی لیکن تینوں گیند بازوں نے اچھے نتائج دیے اور ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا۔ ٹیم کی تیاریوں کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ ہم نے دو ہفتوں کے لئے تربیتی کیمپ کا برطانیہ میں انتظام کیا ۔اس سے کھلاڑیوں کو موسم اور پچز کے ساتھ ہم آہنگ ہونے اور کنڈیشنڈ کو سمجھنے کے لئے اچھا وقت اور موقع ملا۔ اسکے اچھے اثرات بھی سامنے آئے ہیں۔ ٹیم کے تمام لڑکے متحد ہیں ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھا ہے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھی کم وقت میں کھلاڑیوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کر لئے ہیں تمام کھلاڑی انکی بہت عزت کرتے ہیں اور لطف اندوز ہوتے ہوئے ٹریننگ کرتے نظر آ رہے ہیں۔ میں خود بھی وقتاً فوقتاً ٹیم سے ملتا رہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد کھلاڑیوں نے منفرد انداز میں جشن فتح منایا ہے اس کی پوری دنیا میں پذیرائی ہو رہی ہے برطانوی میڈیا نے بھی اسکو اچھے انداز سے کوریج دی ہے انگلینڈ آنے سے پہلے آرمی کے ٹرینرز کی زیر نگرانی تربیتی کیمپ سے بھی کرکٹرز کو فائدہ ہوا اور اپنے ٹرینرز کو بھرپور انداز میں خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، وزرائے اعلی اور تمام سیاسی شخصیات کی طرف سے ٹیم کی حوصلہ افزائی پر انکا مشکور ہوں۔ شہریار خان کا کہنا تھا کہ برطانوی میڈیا اور یہاں کے عوام نے ہمیں بڑے اچھے انداز میں ویلکم کیا ہے۔
قومی ٹیم نے صرف ایشیامیں اچھی کرکٹ کھیلنے کا تاثر غلط ثابت کر دیا:شہریار خان
Jul 19, 2016