کراچی(خصوصی رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ(پاکستان) کی رابطہ کمیٹی نے لیاقت آباد نمبر 9میں 3منزلہ عمارت زمین بوس ہونے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے اور2بچوں سمیت 4افراد کے جاں بحق اور متعد د افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہر کراچی جیسی گنجان آبادی میں مخدوش عمارتوں اور انسانوں کی رہائش کسی المیہ سے کم نہیں ہے ، متعلقہ حکام یہ جانتے ہوئے بھی کہ کسی بھی مخدوش عمارتیں گر سکتی ہے اور شدید جانی و مالی نقصانات ہوسکتے ہیں اس سے نظریں چرائے ہوئے ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے عمارت زمین بوس ہونے کے نتیجے میں 2بچوں سمیت 4افراد کے جاں بحق ہونے پرسوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ایس بی سی اے کے حکام سے مطالبہ کیا کہ مخدوش عمارتوں زمین بوس ہونے سے قبل ہی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایاجائے اور اس سلسلے میں متعلقہ رہائشیوں کو متبادل جگہ پر رہائش کیلئے خاطر خواہ معاوضہ ادا کیاجائے ۔ دریں اثناء لیاقت آباد نمبر 9میں عمارت زمین بوس ہونے کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن و سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن ،رکن سندھ اسمبلی عظیم فاروقی ، میئر کراچی وسیم اختر ، ڈپٹی میئر ارشد وہرا ،ضلعی وسطی چیئر مین ریحان ہا شمی اور وائس چیئر مین شاکر علی جائے حادثہ پر پہنچ گئے ، اس موقع پر انہوں نے امدادی کاموں میں حصہ لیا ۔
متحدہ پاکستان