نوازشریف جسے چاہے وزیراعظم بنائیں‘ سپریم کورٹ کے سامنے سرنڈر کر دیں: سراج الحق

Jul 19, 2017

بہاولنگر+لاہور (نامہ نگار +خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم اپنے چہرے پر کرپشن کی سیاہی کو دھونے کے بجائے شیشہ توڑنے پر اتر آئے لیکن شیشہ توڑنے سے نہ سیاہی دھلے گی نہ ان کا چہرہ صاف ہوگا۔ اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی اکثریت ہے وزیراعظم جسے چاہیں وزارت عظمیٰ سونپ دیں خود کو سپریم کورٹ کے سامنے سرنڈر کر دیں۔ وزیراعظم کی طرف سے آئین و قانون کی پامالی اور اداروں سے تصادم کا رویہ درست نہیں۔ بہاولنگر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کرپشن کی وجہ سے تمام قومی ادارے تباہی سے دوچار ہیں ہمیں افسوس ہے کہ پانامہ کیس میں وزیراعظم کے خاندان کا نام آنے کے بعد انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا اور نہ سپریم کورٹ کی طرف سے بنائی گئی جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد انہیں اس کا خیال آیا حالانکہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے ہر صفحے پر حکمران خاندان کی چوری کی داستان لکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمران اب اللہ کی پکڑ میں آ گئے لیکن اس کے باوجودوہ اب بھی عالمی استعمار کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ دریں اثناء عارفوالہ میں تحریک انصاف کے رہنما رائو نسیم ہاشم کی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پانامہ 600 پاکستانی خاندانوں کے نام آئے، سب کا احتساب کیا جائے، پانامہ ایشو پر سپریم کورٹ میں میری درخواست پر پانچ میں سے دو ججز نے انہیں کرپٹ قراردیا جبکہ باقی 3 ججز نے مزید تفتیش کے لئے جے آئی ٹی بنا دی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران سمجھتے تھے کہ جے آئی ٹی کا اجلاس رائے ونڈ ہو گا انہیں شاہی پروٹوکول دیا جائے گا مگر جے آئی ٹی نے صداقت کی مثال قائم کردی،اب یہ اس کو بھی تسلیم نہیں کررہے۔پوری قوم سپریم کورٹ کیساتھ ہے اور سپرہم سے توقع ہے کہ وہ کرپٹ عناصر کو کیفر قردار تک پہنچائے گی۔ انہوں نے متحدہ مجلس عمل کی بحالی سمیت دیگر جماعتوں سے رابطوں کی تصدیق کی۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی نے عارفوالا میں جامعہ اسلامیہ میں رانا احسن خاں کی رہائش گاہ پر ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ نے بھارت کو خوش کرنے کیلئے حریت رہنما صلاح الدین جیسے رہنما کو دہشت گرد قرار دیا جسے ہم کسی قیمت پر قبول نہیں کریں گے۔ دریں اثناء جماعت اسلامی کے زیراہتمام فاٹا اصلاحات کے نفاذ اور ایف سی آر نامنظور تحریک کے سلسلہ میں قومی سیمینار آج منصور آڈیٹوریم لاہور میں ہو گا۔ سیمینار کی صدارت سراج الحق کریں گے۔

مزیدخبریں