جامشورو (نوائے وقت رپورٹ) بولاری سٹیشن کے قریب مال گاڑی کی تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ ریلوے حکام کے مطابق بوگیاں الٹنے سے ہزاروں لٹر فرنس آئل بہہ گیا۔ حادثہ سگنل سسٹم کے ناقص ہونے کے باعث پیش آیا۔ فرنس آئل کراچی سے لاہور کے بجلی گھر جا رہا تھا۔ حادثے کے بعد کراچی سے اندرون ملک جانے والی ٹرینوں کو مختلف سٹیشنوں پر روک لیا گیا۔ ٹریک کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں رحیم یار خان کے علاقے ظفر آباد کے قریب آئل ٹینکر الٹ گیا، موٹر وے پولیس نے حادثے کی جگہ کو سیل کردیا۔ آئل ٹینکر کراچی سے محمود کوٹ جا رہا تھا۔