لاہور( کامرس رپورٹر) پنجاب حکومت نے محکمہ خزانہ اور پی اینڈ ڈی کے اعتراضات رد کرتے ہوئے 60کروڑ روپے مالیت کی 520 نئی گاڑیاں خریدنے کی منظوری د یدی ہے جن میں سے صرف 500گاڑیاں محکمہ زراعت کیلئے ہوں گی ۔ذرائع کے مطابق محکمہ زراعت پنجاب نے رواں مالی سال کے دوران 500 نئی گاڑیوںکیلئے منظوری لے لی ہے جن میں341سوزکی وین اور 169ٹویوٹا سنگل کیبن ڈالے اور 800اور ہزار سی سی بولان وینززرعی آفیسر کیلئے خریدی جائیں گی۔ 169سنگل کیبن ڈالے تحصیل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر آفیسر زراعت کیلئے خریدے جائیں گے۔ پی اینڈ ڈی کا ماتحت ادارہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سیل پنجاب کیلئے 90 لاکھ 50 ہزار روپے سے 4 نئی گاڑیاں خریدیگا، جنوبی پنجاب فاریسٹ کمپنی کیلئے ایک کروڑ روپے مالیت کی 5 گاڑیاں خریدی جائیں گی، نیوٹریشن سیل پی اینڈ ڈی پنجاب کیلئے 1300 سی ٹیوٹا کرولا خریدی جائیگی، پنجاب ریسورس مینجمنٹ کیلئے 1000 اور 1300 سی سی کی تین نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی۔مانیٹرنگ اینڈ ایویلو ایشن کیلئے اے پی وین خریدی جائیگی۔ ملٹی پل انڈیکٹر کلسٹر سروے کیلئے 8 نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی۔ یہ گاڑیاں ایک کروڑ 52 لاکھ روپے کی خریدی جائیں گی۔ وائلڈ لائف اینڈ پارکس ڈیپارٹمنٹ کیلئے 1 کروڑ 32 لاکھ مالیت سے 4 نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی۔ انوسٹمنٹ کلائمیٹ ری فارم کیلئے 20 لاکھ روپے سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ 1000 سی سی اور 1300 سی سی گاڑی خریدی جائے گی ۔