اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) عدالت عظمیٰ میں پانامہ پیپرز لیکس سے متعلق ایک نئی متفرق درخواست دائر کردی گئی ہے ، درخواست میں موقف اپنایاگیا ہے عدالت عظمیٰ کے 20اپریل 2017کے فیصلے کی روشنی میں پانامہ پیپرز میں آنے والے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق جج ملک قیوم سمیت دیگر400افراد کے خلاف بھی جے آئی ٹی تشکیل دی جائے ۔درخواست مولوی اقبال حیدر کی وساطت سے احمد نواز چوہدری نے دائر کی،درخواست میں وزیر اعظم نواز شریف ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق جج قیوم ملک سمیت39اداروں اور شخصیات کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست میں مزید کہاگیا ہے کہ مساوی انصاف کیلئے نواز شریف اور کیپٹن صفدر کی طرح عمران خان اور سابق جج ملک قیوم کو بھی جے آئی ٹی میں بلوایا جائے،درخواست میں کہاگیا ہے کہ فریق 5میاں نواز شریف اپنے اہل خانہ کے دیگر افراد اور بچوں سمیت جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے ہیں جبکہ وفاقی وزیر خزانہ بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوچکے ہیں جبکہ پانامہ پیپرز لیکس میں جن کے نام سامنے آئے ان میں عمران خان ، یوسف رضاگیلانی سمیت بہت سی اہم شخصیات بھی شامل ہیں تاہم ان کے خلاف جے آئی ٹی کی کاروائی نہیں کی گئی ہے قانون سب پر مساوی عائد ہوتا ہے اس لئے پانامہ پیپرز میں شامل ان 39شخصیات سمیت400پاکستانیوں کے خلاف عدالت عظمیٰ کے 20اپریل 2017کے فیصلے کی روشنی میں جے آئی ٹی تشکیل دے کر کاروائی عمل میں لائی جائے۔