,ریمنڈ ڈیوس کے معاملے میں قومی وقار کیخلاف شرمناک ڈیل کی گئی: فوزیہ صدیقی

کراچی(صباح نیوز) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کو چھوڑتے وقت عافیہ کو فراموش کرکے قومی وقارکے خلاف شرمناک ڈیلکی گئی تھی۔ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے میں ابھی آدھا سچ بھی سامنے نہیں آیا ہے۔ عافیہ صدیقی صرف اور صرف پاکستانی شہری ہے۔ اس نے کبھی بھی دوہری شہریت حاصل نہیں کی۔ عافیہ کو اس کے تین کمسن بچوں سمیت ریاستی حکام نے کراچی سے اغوا کرکے امریکییوں کے حوالے کیا تھا۔ عافیہ اور اس کے بچوں کو پاکستان سے افغانستان منتقل کرنا غیرقانونی عمل تھا۔ 2008ءمیں افغانستان میں امریکی فوجیوں پر حملے کی جھوٹی کہانی کو دنیا مسترد کرچکی۔ 2008ءمیں عافیہ کو بآسانی وطن واپس لایا جاسکتا تھا مگر ایک مرتبہ پھر اسے غیرقانونی طور پر امریکہ منتقل کردیا گیا، یہ اداروں کی ایک اور غفلت تھی۔ عافیہ کی غیرقانونی امریکہ منتقلی کے باعث دنیا بھر کے قانون دانوں نے جن میں سابق امریکی اٹارنی جنرل رمزے کلارک بھی شامل ہیں، عافیہ کے ٹرائل اور 86 سالہ ظالمانہ سزا کو غیرقانونی قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگراس وقت حکمران اور ارباب اختیارتبادلے میں عافیہ کو وطن واپس لے آتے تو ریمنڈڈیوس کوپاکستان کے وقار کے خلاف The Contractor جیسی کتاب لکھنے کا مواد ہرگز نہ مل پاتا۔ ڈاکٹر فوزیہ نے مطالبہ کیا کہ اب عافیہ کو وطن واپس لانے کا کوئی موقع ضائع نہ کیا جائے، ادارے عافیہ کو وطن واپس لا کر اس مجرمانہ ڈیل کی تلافی کریں۔ 

ای پیپر دی نیشن