کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کے روز بھی تیزی کا رجحان غالب رہا ،ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 900 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا جس کے باعث نہ صرف انڈیکس40ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا بلکہ انڈیکس 40800پوائنٹس کی بلند سطح عبور کر کے بند ہوا ،تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 143ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 84کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ۔ پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان دیکھا گیا سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں نے توانائی ،سیمنٹ،فوڈز ،بینکنگ سمیت دیگر منافع بخش شعبوں میں کھل کر خریدار ی کی جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 40000، 40100، 40200، 40300، 40400، 40500، 40600، 40700 اور 40800پوائنٹس کی 9بالائی حد عبور کر گیا ۔ ماہرین اسٹاک کے مطابق سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال کے باوجود سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں دلچسپی روز بروز بڑھتی جا رہی ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ دوبارہ اپنی سابق پوزیشن پر لوٹ رہی ہے ۔شیئرزمارکیٹ میںبدھ کو کاروبار کے دورا ن کے ایس ای 100 انڈیکس میں964.92پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس بڑھ کر 40897.90 پوائنٹس ہو گیا۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 527.22پوائنٹس کے اضافے سے 20187.63 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 29218.03 پوائنٹس سے بڑھ کر 29730.87 پوائنٹس پر جا پہنچا ۔ مارکیٹ میں بدھ کو مجموعی طور پر 378کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 307کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،52میں کمی اور 19کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔ مارکیٹ میںبدھ کو 24 کروڑ 78 لاکھ 27ہزارسے زائد حصص کے سودے ہوئے جبکہ منگل کو 14 کروڑ 19 لاکھ73ہزارسے زائد شیئرز کا کاروبار ہوا تھا۔تیزی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ1کھرب 43ارب 79 کروڑ 82 لاکھ 13ہزار 473 روپے بڑھ کر84 کھرب 18ارب85 کروڑ 23لاکھ 67 ہزار917روپے ہو گیا ۔