کراچی (اسپورٹس ڈیسک)انگلینڈ نے بھارت کو تین میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ تفصیلات کے مطابق لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔مشکل وکٹ پر بھارت کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 13 رنز پر اس کی پہلی وکٹ بھی گرگئی تاہم اگلی دونوں پارٹنرشپز نے انڈین اننگز کو سہارا دیا۔بھارت کی جانب کپتان ویرات کوہلی 71، شکھر دھون 44 اور مہندر سنگھ دھونی 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔اختتامی اوورز میں انگلینڈ کے بولرز کی نپی تلی گیند بازی کی بدولت بھارت اپنے مقررہ اوورز میں صرف 256 رنز ہی بناسکا ،جواب میں انگلینڈ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف محض 44ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے شاندار سنچری اسکور کی جبکہ کپتان اوئن مورگن 88 رنز بنانے میں کامیاب رہے ،تین وکٹیں حاصل کرنے پر عادل رشید کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔خیال رہے کہ یہ سیریز آئی سی سی کی دو بہترین ایک روزہ ٹیموں کے درمیان تھی۔ انگلینڈ اس وقت رینکنگ میں پہلی جبکہ بھارت دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔
انگلینڈنے بھارت کو8 وکٹو ں سے ہر دکرسیریز2-1 سے نام کرلی
Jul 19, 2018