کراچی (نیوز رپورٹر) محترمہ فاطمہ جناحؒ ہراعتبار سے سے تصویر قائد ؒ تھیں ۔تاریخ میں ایسی مثالی خواتین بہت کم ملتی ہیں جنہیں اپنی جدوجہد سے نہ صرف حصول وطن بلکہ تعمیر ملت میں بھی شاندار کردار ادا کرنے کا موقع ملا ہو۔ آج کی طالبات کیلئے ان کی شخصیت رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار ممتاز محقق و ماہر تعلیم پروفیسر ضیاء الرحمن ضیاء نے گذشتہ روز پاکستان کوئز سوسائٹی رجسٹرڈ کے تحت مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کی 125 ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ بین الکلیاتی وجامعاتی مقابلہ معلومات کی تقریب تقسیم انعامات کے شرکاء سے بحیثیت صدر نشیں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر انورارشاد برنی تھے۔ اس موقع پر حافظ نسیم الدین ‘ صدر فہیم احمد خان ‘ میک کالجیٹ کے ارشد لطیف ‘ پروفیسر زاہد احمد‘ ڈاکٹر ایس ایم سعید ‘ پروفیسر فیضا ن احمد و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔منصفین کرام محمد نسیم شیخ ‘ پروفیسر ممتاز فاطمہ ‘ پروفیسر فیضان احمد کے متفقہ فیصلے کے مطابق NCR کالج آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیز ‘ گورنمنٹ کالج برائے خواتین بلاک K- نارتھ ناظم آباد‘ گورنمنٹ بوائز کالج 5-L نارتھ کراچی اور گورنمنٹ سٹی کالج نے بالترتیب اول ‘ دوم ‘ سوم اور خصوصی پوزیشن حاصل کیں۔