اسلام آباد(وقائع نگار)وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن کے ہفتہ وار بازار میں آتشزگی کے باعث کرڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکسترہو گیا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے بدھ کی دوپہر لگنے والی آگ سے ایک سو پانچ سٹال مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے جن میں پرانے کپڑوں کے سٹالز سمیت پردوں اور پرانے جوتوں کے سٹالز شامل ہیں ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد( ایم سی آئی ) کے زیر اہتمام چلنے والے سستا بازار میں گزشتہ روز لگی آگ پر فائر بریگیڈ ، ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کی آگ بجھانے والی گاڑیوں کی مدد سے چار گھنٹے بعد مکمل قابو پا لیا گیا تاہم بازار ذرائع کے مطابق اس آگ سے ابتدائی اندازے کے مطابق تقریبا پانچ کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ اسی ذریعے کے مطابق آگ لگنے کی وجہ جنرنیٹر کے پھٹنے کی بتائی گئی ہے جس میں موجود پٹرول سے آگ تیزی سے پھیل گئی ، واضح رہے کہ بازار کے سٹالز کی الاٹمنٹ کے قواعد و ضوابط کے مطابق طلوع آفتاب سے غروب آفتاب تک سٹال ہولڈرز کو سامان رکھنے کی اجازت ہے اور ان سٹالز کو گیٹ لگا کر بند کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے تاہم بازار انتظامیہ کی ملی بھگت سے سٹال ہولڈرز ان قواعد و ضوابط پر عمل نہیں کرتے جس کے باعث کسی بھی حادثاتی طور پر لگنے والی آگ سے زیادہ نقصان ہوتا ہے ، یاد رہے کہ 23 اگست 2017 کو اسی بازار کے تقریبا اسی مقام پر لگنے والی آگ سے 5 سو سے زائد سٹالز جل جانے سے تقریبا 20 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا تھا اور اس وقت بھی بند پڑے بازار میں آگ لگنے کی وجہ سولر سسٹم کی بیٹری پھٹنا بتائی گئی تھی تاہم اس کی تحقیقاتی رپورٹ آج تک سامنے نہیں آ سکی اور نہ ہی اس کے بعد سٹالز ہولڈرز کو بازار انتظامیہ کی جانب سے قواعد و ضوابط کا پابند بنایا جا سکا ، انہی ذرائع کے مطابق سینی ٹیشن کے انسپکٹر راجہ عابد کو بازار کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے دیکھ بھال کا چارج دینے کے بعد ایک سال میں آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ پیش آیا یے ، واضح رہے کہ سستا بازار پشاور موڑ عوامی سہولت کے لئے سال 2007 میں سولہ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا تھا جس میں 2750 سٹالز ہیں اور یہ بازار ہفتے میں تین دن اتوار، منگل اور جمعہ کو کھولا جاتا ہے ، چیف میٹرو پولیٹن آفیسر ( سی ایم او ) نجف بخاری نے اس حوالے سے موقف دیتے ہوئے کہا یے کہ آگ لگنے وجوہات جاننے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور مزید معلومات اس کے بعد ہی دی جا سکتی ہیں وفاقی ترقیاتی ادارہ( سی ڈی اے ) ترجمان کے مطابق سستا بازار پشاور موڑ میں لگنے والی آگ کی اطلاع بارہ بج کر 57 منٹ پر ہوئی جس کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں ایک بج کر دو منٹ پر موقع پر پہنچ گئیں آگ بجھانے کے آپریشن میں باعہ فائر ٹینڈرز اور دس واٹر بائوشرز کے علاوہ عملے کے 150 جے قریب افراد نے حصہ لیا اور 45 منٹ میں آگ پر قابو پا لیا گیا تاہم لگنے والی آگ سے نوے سٹالز جل گئے ۔ ترجمان کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لئے ڈائریکٹر سکیورٹی کی سربراہی میں چار رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کے ممبران میں ڈائریکٹر ڈی ایم اے ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور اسٹنٹ ڈائریکٹر فائر آپریشن شامل ہیں جو اپنی تحقیقاتی رپورٹ میئر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے کو دیں گے