لاہور (خصوصی رپورٹر) نئی نسل تعلیم پر مکمل توجہ دے اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے جہد مسلسل کو اپنا شعار بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی، کامران لاشاری نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 18ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے24ویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پرڈاکٹر محمد علی ، ڈاکٹر محمد انور شیخ، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان اور سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید بھی موجود تھے۔کامران لاشاری نے کہاکہ میں نظریاتی سمر سکول کے طلبا وطالبات کا اعتماد اور صلاحیتیں دیکھ کر بے حد متاثر ہوں۔پاکستان کی نئی نسل بہت باصلاحیت ہے ۔ اس نسل نے ہی ملک کو سنوارنا اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنا ہے۔آپ اپنے اخلاق و کردار سے دوسروں کا دل جیتیں ۔تحریک پاکستان کے دوران مسلمانان برصغیر تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قائداعظمؒ کی قیادت میں متحد ہو گئے تھے۔ اس تحریک میں نوجوانوں نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا تھا۔
نسل نو تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی توجہ دے: کامران لاشاری
Jul 19, 2018