لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن الیکشن 2018ء جیت رہی ہے۔ پری پول رگنگ کے تمام حربوں کے باوجود ووٹ کو عزت دو تحریک مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائے گی۔ 25 جولائی کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی کی بنیاد پارٹی نواز شریف نے پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران رکھ د ی تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے حلقوں میں الیکشن مہم کے دوران چیئرمینوں وائس چیئرمینوں کونسلرز اورکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین یو سی 171 عامر خان، چیئرمین یو سی 218 مہر شبیر ہیرو نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 25 جولائی کو الیکشن نتائج سیاسی دشمنوں کی آنکھیں کھول دیں گے۔ کارکن ہی مسلم لیگ (ن) کااصل اثاثہ اور پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور کارکنوں کو ان کا جائز مقام دینا ہی پارٹی پالیسی ہے، 25جولائی کو عوام ن لیگ کو ووٹ دیکر یہ گند صاف کر دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ اب انشاء اللہ 25 جولائی کو نواز شریف کے شیر بھاری اکثریت سے اپنے حریفوں کو ہرائیں گے۔