مقبوضہ بیت المقدس (آن لائن +این این آئی) پارلیمنٹ کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم کو دیئے گئے جنگی اختیارات واپس لے لیے گئے ہیں،جس کے بعد اب پوری سیکیورٹی کونسل جنگ کا فیصلہ کرے گی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے جنگی اختیارات پھر واپس لے لئے گئے۔بد ھ کو پارلیمنٹ میں اختیار پر نظر ثانی اور ترامیم کی گئیں۔اس حوالے سے پارلیمنٹ میں نئے قانون منظور کئے گئے جس کے تحت اب پوری سیکیورٹی کونسل جنگ کا فیصلہ کرے گی۔اکثریتی ارکان نے نئے وضع کردہ قانون کی حمایت میں ووٹ ڈالے۔واضح رہے اپریل میں پارلیمنٹ نے وزیر اعظم اور وزیر دفاع کو اعلان جنگ کا اختیار دیا تھا۔دوسری جانب فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں مقامی شہریوں کی طرف سے اسرائیل پر آتش گیر کاغذی جہاز اور گیسی غبارے چھوڑنے پر صہیونی ریاست سیخ پا ہے اور اس نے غزہ پر وسیع جنگ مسلط کرنے کی دھمکی دی ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب نے مصر کے توسط سے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کو تنبیہ کی کہ اگر غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد سے گیسی غباروں اور آتشی کاغذی جہاز چھوڑنے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو اسرائیل غزہ کے خلاف وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی شروع کرے گا۔دوسری جانب حماس نے اسرائیل کی طرف سے دھمکی آمیز پیغام یہ کہہ کر مسترد کر دیا ہے کہ آتش گیر کاغذی جہاز اڑانے والے عام شہری ہیں جن کا حماس سے کوئی تعلق نہیں۔