اقوام متحدہ رپورٹ لاکھوں کشمیریوں کے انسانی حقوق سے متعلق ہے‘ بھارتی اعتراضات پر مایوسی ہوئی: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (آئی این پی ) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے کشمیر رپورٹ پر بھارتی اعتراضات مسترد کر دیئے، بھارت ہیومن رائٹس کمشنر کے تحفظات دورکرنے میں ناکام رہا ہے، بھارت کے کشمیر رپورٹ کا جائزہ لئے بغیر اعتراضات اٹھانے پر سخت مایوسی ہوئی، کشمیر رپورٹ مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں لوگوں کے انسانی حقوق سے متعلق ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق بھارت کی طرف سے اقوام متحدہ کی پہلی رپورٹ مسترد کئے جانے پر شدید مایوسی ہوئی۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ بھارت انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ادارے کی طرف سے اٹھائے گئے شدید تحفظات کو دور کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق رپورٹ میں بھارتی پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور بھارتی ذرائع ابلاغ سمیت بھارت کے سرکاری ذرائع کے حوالے دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی بھارتی کوششوں پر تشویش ہے ، کشمیر رپورٹ مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں لوگوں کے انسانی حقوق سے متعلق ہے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاکہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کی سفارشات کے مطابق تحقیقاتی کمیشن کے آزاد اور مقبوضہ کشمیر کے دورے کا خیرمقدم کرتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن