لاہور (خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ہے کہ 25جولائی کو ہر طرف شیر دھاڑے گا، نواز شریف کو صرف مفروضوں کی بنا پر جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا، جس نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، ملک میں سی پیک لایا، اس ملک کی معیشت کو سہارا دیا اس نواز شریف کو سزا دی گئی ہے، اگر عوام کی خدمت کرنا اور نواز شریف سے محبت گناہ ہے تو ہم ایسے ہزار گناہ کرنے کو تیار ہیں، سب کی چھٹی اور لاڈلے کو کھلی چھٹی ایسا نہیں چلنے دیں گے، ہم نے تیر اور بلے کے نشان والوں کو شکست دے کر نواز شریف اور مریم نواز کو آزاد کروانا ہے۔وہ روجھان، راجن پور میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے، جلسہ گاہ پہنچنے پر میاں شہباز شریف کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ شہباز شریف دور میں کیے گئے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ روجھان کے عوام کے سیلاب کو دیکھ کر بلوچ قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، جنوبی پنجاب بلا شبہ مسلم لیگ (ن ) کا قلعہ ہے۔ لوٹوں کی اصل جگہ بیت الخلا ہے انہیں وہاں ہی رکھنا چاہیے، ہمیں چھوڑ جانے والے چند لوگ اچھے بھی تھے جو دبائو میں ہم سے الگ ہو گئے جبکہ باقی سب پیدائشی لوٹے تھے جن کو ہم نے 25جولائی کو ووٹ کی طاقت سے شکست دینی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام کے لیے ہم نے نواز شریف کی قیادت میں کئی کام کروائے۔اللہ نے موقع دیا اور 25جولائی کو آپ نے اپنے ووٹ کی طاقت سے منتخب کیا تو پہلی فرصت میں راجن پور آئوں گا اور یہاں یونیورسٹی اور دانش اسکول کی بنیاد رکھنے کے ساتھ 50پرائمری اسکول بھی تعمیر کروائوں گا۔ ہم نے جھوٹ اور الزام کی سیاست نہ کر کے خدمت کی سیاست کی ہی، مسلم لیگ (ن ) نے اس ملک میں ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے جبکہ جھوٹا خان ایک کلو بجلی پیدا نہیں کر سکا، لاہور میں ڈینگی آیا تو عمران نیازی ہمیں ڈینگی برادران کہتا تھا، دوسری جانب جب خیبر پی کے میں ڈینگی آیا تو یہ کہہ کر نتھیا گلی کے پہاڑوں پر بھاگ گیا کہ جب سردیاں آئیں گی تو ڈینگی چلا جائے گا، الزام خان نے ہم پر اربوں روپے کرپشن کے الزامات لگائے اور میٹرو بس کو جنگلا بس بھی کہا جبکہ 5سال پشاور میں کچھ نہ کرنے کے بعدوہاں میٹرو بس شروع کروا دی اور وہاں کی عوام کو سوائے 70ارب کے کھنڈرات اور تکلیف کے کچھ نہ ملا۔ کراچی جاتا ہوں تو کہتا ہوں کہ کراچی کو لاہور بنا دوں گا، پشاور کو لاہور بنانے کا کہتا ہوں، خان صاحب آپ بتائیں کہ آپ لاہور کو پشاور بنانے کا کہیں گے؟جو شخص اپنے بیانات سے مکر جاتا ہو ایسا آدمی ملک چلائے گا، خدا نہ کرے کہ عمران خان کو ملک کی باگ دور ملے یہ آدمی ملک کو تباہی کے دہانے پر لے جائے گا۔ 26جولائی کا سورج اگر مسلم لیگ (ن ) کا ہوا تو اپنی جان لڑا دوں گا۔پاکستان کو ترکی اور ملائیشیا سے بہتر ملک بنا دوں گا جبکہ بھارت کو پیچھے چھوڑنے کے لیے دن رات ایک کر دوں گا۔ ایک طرف الزام خان اور ایک طرف یہ خادم ہے۔ عمران خان نے 5سال جھوٹ بولے‘ نہ کوئی ہسپتال بنایا اور نہ کوئی کالج بنایا، کیا عمران خان جیسا شخص وزیراعظم بننے کا اہل ہے، کیا نیازی خان کہے گا کہ وہ لاہور، کوئٹہ اور کراچی کو پشاور بننے دے گا؟ عمران خان کے جلسوں کی کرسیاں ان کے دماغ کی طرح خالی ہیں۔
شہبازشریف