مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) یوم قرارداد الحاق پاکستان آج جوش وخروش اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا جائے گا کہ کشمیری راہنما جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے۔ جب تک وہ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرکے ساری ریاست جموں وکشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق نہیں کرلیتے۔ تفصیلات کے مطابق آج نماز فجر کے بعد شہدائے جموں وکشمیر کے ایصال ثواب کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔کشمیر لبریشن سیل کے تحت میونسپل کارپوریشن ہال میں مرکزی تقریب منعقد ہوگی۔آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے تحت سنٹرل پریس کلب ہال میں جبکہ مظفرآباد عوامی اتحاد کے زیر اہتمام مظفرآباد پریس کلب میں تقریب منعقد ہوگی۔ یوم قرارداد الحاق پاکستان کے حوالہ سے آزادکشمیر میں اور پاکستان ودنیا بھر میں کشمیری تقریبات، سیمینار منعقد کریں گے۔ اور یوم قرارداد الحاق پاکستان کی اہمیت اور اس کے اثرات پر روشنی ڈالی جائے گی۔ ریلیوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ ان کی مناسبت سے آزادکشمیر بھر میںبینرز آویزاں کردیے گئے ہیں۔