اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ کی طرف سے قائم کی گئی پولیس ریفارمز کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا۔ چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی زیر صدارت پولیس ریفارمز کمیٹی کا اہم اجلاس سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوگا، جس میں تمام صوبوں، وفاق، کشمیر، گلگت بلتستان کے آئی جیز اور سابق آئی جیز شرکت کرینگے۔ اجلاس میں پولیس ریفارمز کے لیے اب تک کے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ تمام صوبوں کے پولیس چیفس اپنی اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کرینگے۔ اجلاس میں گذشتہ چھ ماہ کی پولیس کارکردگی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا کہ پولیس افسران کے پاس ٹوٹل سائلین کی جانب سے کتنی شکایات کا اندارج ہوا، پولیس افسران کے پاس اپنے پیٹی بھائیوں کے خلاف کتنی شکایات آئیں انکی نوعیت کیا تھی اور آنے والی شکایات پر انہیں کیا سزائیں دی گئیں اور دی جانے والی سزاؤں کی نوعیت کیا تھی اور اب تک کتنی شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے اور اب تک کتنی شکایات کا اندراج ہوا اور تاحال کتنی زیر التوا ہیں۔ تحقیق کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اب تک کے کیے جانے والے اقدمات کاجائزہ بھی اجلاس میں لیا جائے گا۔ یاد رہے کہ چیف جسٹس آصف سعیدخان کھوسہ گذشتہ شام کراچی روانہ ہوئے اور آج جمعہ کو کراچی میں اہم مقدمات کی سماعت کریں گے اور بعد ازاں پولیس ریفارمز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرینگے۔